تازہ ترین

Posts Tagged “مردم شماری”

پاکستان کی آبادی کہاں تک پہنچ گئی؟ چھٹی مردم شماری کے غیر سرکاری نتائج

لاہور: چھٹی مردم شماری کا مرحلہ مکمل ہونے کے بعد ملک بھر سے فارم واپس لائے جانے کا سلسلہ شروع گیا جس میں ضلع اور اس کے بعد صوبے کی سطح پر فارم جمع کر کے انہیں وفاقی ادارے کو بھجوایا جائے گا

چھٹی مردم شماری کے غیر سرکاری اور غیر حتمی اندازوں کے مطابق ملک کی آبادی 21 سے 22 کروڑ تک ہو سکتی ہے۔ پاکستان کے وفاقی ادارہ شماریات کے سینسس آپریشن کے رابطہ کار حبیب اللہ خٹک نے بی بی سی کو بتایا کہ اگر کسی علاقے میں معمول کی مردم شماری کا کام رہ گیا ہے تو وہ بھی مکمل کیا جائے گا۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ افغانستان کی سرحد سے متصل پاکستانی علاقے چمن میں کشیدگی کے باعث مردم شماری کے کام میں خلل پڑا تھا لیکن وہ بعد میں دونوں ممالک کے حکام کی بات چیت کے بعد دوبارہ شروع کر دیا گیا تھا اور جو لوگ وہاں موجود تھے انہیں شمار کر لیا گیا۔
چھٹی مردم شماری کے آٹھ انتظامی یونٹس میں کل 118826 سویلین اور دو لاکھ فوجی اہلکاروں نے حصہ لیا جبکہ اس کا کل بجٹ ساڑھے 18 ارب روپے تھا۔ کل بجٹ سے افواج پاکستان کے لیے 6 ارب، سویلین کے لیے 6 ارب اور ٹرانسپورٹ کے لیے 6 ارب روپے مختص کیے گئے تھے۔
سینسس آپریشن کے رابطہ کار حبیب اللہ خٹک نے ایک سوال کے جواب میں بتایا ملک میں شرح پیدائش اور فارمز کی چھپائی کی بنیاد پر جو اندازے لگائے گئے ہیں ان کے مطابق شاید آبادی 21سے 22کروڑ کے درمیان ہو۔خانہ و مردم شماری کے آغاز میں طے شدہ مراحل کے مطابق عبوری نتائج دو ماہ میں سامنے آئیں گے جس میں ضلعی، صوبائی اور قومی سطح پر معمول کی رپورٹس، بڑے شہروں اور منتخب علاقوں پر خصوصی رپورٹس، اہم موضوعات پر مضمون کی مناسبت سے تجزیاتی رپورٹس اور سینسس اٹلس شامل ہوں گی۔

Read more »

مردم شماری کا دوسرا مرحلہ، آرمی ہاؤس پر بھی نمبر لگایا دیا گیا

راولپنڈی : مردم شماری کے دوسرے مرحلہ کا آغاز ہوگیا، مردم شماری ٹیم کی جانب سے آرمی ہاؤس پر نمبر لگایا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق مردم شماری کا دوسرامرحلہ کا آغاز ہوگیا ، دوسرے مرحلے میں 87اضلاع میں خانہ ومردم شماری کی جارہی ہے، مردم شماری ٹیم نے فوجی اہلکاروں کے ہمراہ آرمی ہاؤس  پہنچ کرعمارت کی رجسٹریشن کی اور  آرمی ہاؤس پر سبزروشنائی سے 013ش نمبر لگایا گیا جبکہ ٹیم نے متعلقہ فارم پرضروری ڈیٹا کا اندراج کیا۔

 پاک فوج کے سربراہ پہلے ہی مردم و خانہ شماری کیلئے اقدامات کی ہدایت کرچکے ہیں، پاک فوج کے اہلکار ہر ٹیم کے ساتھ مردم و خانہ شماری کا کام کررہے ہیں۔

گلگت بلتستان،آزاد جموں وکشمیر اور فاٹا سمیت ملک بھر میں چھٹی خانہ ومردم شماری کے دوسرے مرحلے  آج سے شروع  ہوا،اس مرحلےمیں 88اضلاع میں خانہ ومردم شماری کی جائےگی۔

چھٹی خانہ ومردم شماری کےدوسرے مرحلے میں پنجاب اور سندھ کےاکیس،اکیس اضلاع،بلوچستان کے سترہ،خیبرپختونخواہ کے بارہ،آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے پانچ،پانچ جبکہ فاٹا اور اسلام آباد میں بھی مردم شماری ہوگی۔

خانہ ومردم شماری کایہ عمل آئندہ ماہ 24مئی تک جاری رہےگا۔

 

Read more »

ملک بھرمیں مردم شماری کا آغاز، آصف باجوہ نے افتتاح کیا

ملک بھر کی آبادی کے درست تعین کیلئے انیس سال بعد خانہ و مردم شماری کاآغاز ہوگیا۔ چیف شماریات آصف باجوہ نے ضلع اٹک اور شہباز شریف نے لاہور میں مردم شماری کا افتتاح کیا۔

تفصیلات کے مطابق چیف شماریات آصف باجوہ نےضلع اٹک سے چھٹی مردم شماری کا افتتاح کردیا۔

پنجاب :  وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہبازشریف نےاپنی رہائش گاہ کی خانہ شماری خود کرکے لاہورماڈل ٹاؤن میں مردم شماری کا افتتاح کیا، صوبہ پنجاب کواسی ہزاربلاکس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ہرشمار کنندہ کے ساتھ ایک اہلکار سیکیورٹی فرائض انجام دے گا۔

سندھ : کراچی سمیت سندھ کےچھ اضلاع میں مردم شماری کا آغاز وقت مقررہ پر ہوا۔ عملے کو سینٹرز سے بلاک تک پہنچانے کیلئے ٹرانسپورٹ کا خصوصی انتظام کیا گیا تھا، سندھ کے صوبائی دارالحکومت میں چودہ ہزارچار سو چورانوے بلاک بنائے گئے ہیں۔

کے پی کے : پشاورکےتیرہ اضلاع قبائلی ایجنسی اورکزئی میں بھی خانہ شماری سخت سیکیورٹی میں جاری ہے۔ عملے نے گھر گھر جاکر معلومات لینا شروع کردی۔ خیبر پختونخوا میں مجموعی طور پر دوہزار دوسو تریسٹھ بلاک بنائے گئے ہیں۔

بلوچستان : کوئٹہ میں مردم شماری کیلئے پہلے مرحلےمیں بلوچستان کے پندرہ اضلاع کو چھ سوانتیس بلاک میں تقسیم کیا گیا ہے۔ عملے کےچھ ہزارنو سو ترپن افراد کی سیکیورٹی کیلئے تین ہزار پانچ سو بتیس اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔

آزاد کشمیر اورگلگت بلتستان :آزاد کشمیر اورگلگت بلتستان کے پانچ پانچ اضلاع میں بسنے والوں کی بھی گنتی کا آغازہوگیا ہے۔ انیس سال بعد ہونے والی مردم شماری میں غلط معلومات فراہم کرنے والوں کو چھ ماہ قید اورپچاس ہزار روپے جرمانے یا پھر دونوں سزاؤں کو ایک ساتھ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

 

Read more »

کراچی میں مردم شماری ، خدشات اور تحفظات

کراچی: ادارہ شماریات نے شہر قائد میں مردم شماری کے لیے 8 سال پرانے اعداد و شمار اور نقشے ٹیموں کو جاری کردیے جس کی وجہ سے لاکھوں افراد گنتی سے محروم رہ جانے کا امکان ہے۔

تفصیلات کے مطابق  ادارہ شماریات نے کراچی میں مردم شماری کے لیے پرانے اعدادوشمار  کرتے ہوئے  2008 اور 2009 کے نقشے فراہم کردیئے جبکہ 2008 کے بعد شہر میں چائنا کٹنگ  ہوئی،ندی نالے  آبادیوں میں تبدیل ہوئے۔

ادارہ شماریات سے جاری پرانے نقشوں میں پارک، میدان، اسکولوں، فٹ پاتھوں پر قائم آبادی نہیں دکھائی گئی اور کراچی میں تعمیر ہونے والی کثیر المنزلہ عمارتوں کا کہیں تذکرہ نہیں کیا گیا۔

محکمہ شماریات سے جاری ریکارڈ میں ایسے فلیٹس کم منازل کے طور پر شامل ہیں اور غیر قانونی رہائشی اور تجارتی اسکیمو ں کو  نقشوں میں شامل ہی نہیں کیا گیا، ذرائع کے مطابق اگر پرانے نقشوں کے حساب سے خانہ شماری کی گئی تو شہر قائد میں مقیم لاکھوں افراد کی گنتی متاثر ہونے کا امکان ہے۔

ملک بھرمیں 19 سال بعد چھٹی مردم شماری کا آغاز کیا گیا، پہلے مرحلے میں چاروں صوبائی دارالحکومتوں اور کشمیر گلگت سمیت 63اضلاع میں13 اپریل تک کام مکمل ہو جائے گا۔

کراچی میں مردم شماری 18مارچ تک خانہ شماری اور پھر فارم 2کا اندراج کیا جائے گا۔ پہلے مرحلے کی مردم شماری و خانہ شماری 13 اپریل کو مکمل ہوگی، جس کے بعد ملک کے دیگر حصوں میں دوسرا مرحلہ 25 اپریل سے شروع ہو کر 24 مئی کو اختتام پذیر ہوگا۔

محکمہ شماریات نے کراچی کو35 سب ڈویژن میں تقسیم کیا گیا ہے ، فیلڈ اسٹاف میں 2پولیس، 2رینجرز اہلکار اور ایک فوجی جوان شامل ہیں جبکہ 15943 فیلڈ اسٹاف مردم شماری کیلئے خدمات انجام دے رہے ہیں۔ محکمہ شماریات نے کراچی کے ضلع غربی ملیراور ضلع وسطی کو حساس قراردیا گیا ہے۔

دوسری جانب کراچی کی سب سے بڑی جماعت ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے مردم شماری کے حوالے سے اپنے تحفظات کا اظہار بھی کیا ہے جبکہ دیگر جماعتوں نے بھی شفاف مردم شماری کا مطالبہ کردیا ہے۔

Read more »

سندھ ہائی کورٹ کا مردم شماری فارم میں معذور افراد کا کالم شامل کرنے کا حکم

کراچی(آن لائن) مردم شماری میں معذورافراد کا کالم موجود نہ ہونے پر سندھ ہائیکورٹ برہمی کا اظہار کیا، عدالت نے حکم دیا کہ مرد م شماری فارم میں معذور افراد کا کالم فوری شامل کیا جائے.

درخواست گزار کا کہنا ہے کہ ایک محتاط اندازے کے تحت صوبہ سندھ میں 50 لاکھ اور ملک بھر میں 2 کروڑ سے زائد معذور افراد ہیں، مردم شماری میں ان کو شمارنہ کرنا سراسر ناانصافی ہے

تفصیلات کے مطابق سندھ ہائیکورٹ میں مردم شماری فارم میں معذورافراد کی شمولیت سے متعلق درخواست پرسماعت ہوئی، درخواست کے مندراجات کے مطابق 1998 کی مردم شماری میں معذورافراد کا کالم موجود تھا، سندھ میں 50 لاکھ اور ملک بھر میں 2 کروڑ سے زائد معذور افراد ہیں، معذور افراد کا کالم شامل کیے بغیر مردم شماری کا عمل روکا جائے۔

عدالت نے دوران سماعت حکم دیتے ہوئے کہا کہ مرد م شماری فارم میں معذور افراد کا کالم فوری شامل کیا جائے، معاملے کو کوتاہی نہیں بلکہ حقوق سلب کرنے کی کوشش سمجھا جائے گا۔

ایڈیشنل اے جی نے کہا کہ آج ہی وفاق اور اداروں کو کالم شامل کرنے کے لئے خط لکھ دیتا ہوں، اگرچہ بہت تاخیر ہوچکی ہےمردم شماری کا شیڈیول بھی جاری ہو چکا ہے، جسٹس منیب اختر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو خود خیال رکھنا چاہیے تھا۔

Read more »

ملک بھرمیں مردم شماری کا اغاز بدھ سے ہوگا، تیاریاں مکمل

اسلام آباد (میڈیا رپورٹ) ملک بھر میں مردم شماری کا آغاز پندرہ مارچ سے ہورہا ہے۔ مردم شماری دو مرحلوں میں ہوگی۔ جسے دو ماہ میںمکمل کیا جائے گا۔ پاک فوج اور مقامی پولیس عملے کو سیکیورٹی فراہم کریگی۔

تفصیلات کے مطابق ملک بھرمیں انیس سال بعد مردم شماری پندرہ مارچ سے شروع ہوگی، مردم شماری دو مرحلوں میں ہوگی اور دوماہ میں یہ عمل مکمل کیا جا ئے گا مردم شماری کے پہلے فیز کا آغاز پندرہ مارچ سے ہوگا۔

ذرائع کے مطابق مردم شماری پرتقریباً تیس ارب روپے کے اخراجات آئیں گے۔ مردم شماری کیلئےایک لاکھ ساٹھ ہزار سے زائد بلاکس بنائے گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق مردم شماری کے حوالے سے اقوام متحدہ کی سفارشات پر عمل کیا جائیگا اور سکیورٹی پاک فوج اور مقامی پولیس فراہم کریگی۔ مانیٹرنگ کیلئے یو این ایف پی اے کو دعوت دی گئی ہے،اگر کسی علاقہ میں حالات خراب ہوں تو وہاں مردم شماری دوسرے فیز میں کرانے کا آپشن موجودہے۔

ساٹھ دن میں کل آبادی، مرد، خواتین اور خواجہ سراؤں کے اعداد و شمار پر مشتمل ابتدائی رپورٹ مکمل کی جائیگی۔

 

Read more »

Scroll Up